1 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:48
کراچی میں موت کے کھیل میں طاقتور سیاسی لوگ ملوث ہیں،ایچ آر سی پی
جنگ نیوز -
کراچی… ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں حالیہ ہونے والی خون ریزی سے متعلق ابتدائی تحقیقات سے اخذ شدہ نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے حالیہ واقعات اور نقص امن کے ْذمہ دار کراچی میں سیاسی ، لسانی اور فرقہ وارانہ عناصر ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کا کہنا ہے کہ سیاسی ، لسانی اور فرقہ وارانہ عناصر نے شہر کا سکون تہہ و بالا کردیا ہ حالانکہ تمام سیاسی جماعتیں قیام امن اور قانون کی بالادستی پہ متفق ہیں لیکن شہر میں لینڈ گریبرز اور مختلف مافیاوٴں کا راج ہے جنہوں نے قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں موت کے کھیل کے اصل ذمہ دار ان مافیاوٴں کے طاقتور سیاسی لوگ ہیں رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فسادات کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ کراچی میں بغیر کسی حکمت عملی کے مختلف رنگ نسل اور زبانوں کے لوگ آباد ہوتے چلے گئے جن کے لئے روز مرہ سہولیات کا فقدان ہے شہرکا پھیلاوٴ بڑھنے کے باعث یہاں آباد ہونے والے افراد کے مسائل زیادہ اور وسائل کم ہونے لگے ہیں جبکہ اتنی بڑی کمرشل اور میگا سٹی میں آباد کاری کی بد انتظامی بھی نقص امن کی وجہ ہے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سول سوسائٹی کے تعاون سے لوگوں کے روزگار، تعلیم،رہائش ،صحت، پانی، بجلی اور گیس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تو صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگوں نے ایچ آر سی پی سے اتفاق کیا ہے کہ اسلحے سے پاک کراچی کا مشن شروع کی جانا چاہیئے جبکہ مشن کو بہت سے علاقوں سے یہ شکایت بھی موصول ہوئی کہ پولیس یا رینجرز انکی شکایات پہ بالکل کان نہیں دھرتی اور اسطرح سی جانوں کا نقصان ہو جاتا ہے جسکے بعد سیکیورٹی کے ادارے اپنا کام شروع کرتے ہیں۔