تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:4

بلوچستان کے ناراض افراد کے ساتھ براہ راست بات نہیں کرسکتے، جنرل کیانی

جنگ نیوز -


کوئٹہ . . . . . چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کہیں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا ہے جبکہ صوبے میں ملنے والی مسخ شدہ لاشوں سے پاک فوج یا کسی ایجنسی کا کوئی تعلق نہیں۔ کوئٹہ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ملنے والی مسخ شدہ لاشوں سے پاک فوج، ایم آئی اور آئی ایس آئی کا کوئی تعلق نہیں۔ بلوچستان کے کسی حصے میں بھی آپریشن نہیں ہو رہا، جنرل کیانی نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم ان کی مدد کے لئے موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے ناراض افراد سے پاک فوج براہ راست مذاکرات نہیں کرسکتے، ملک میں جمہوریت ہے اگرصوبائی حکومت ناراض بلوچوں سے مذاکرات کرتی ہے تو پاک فوج ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ اس سے قبل افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے موسی خیل میں چودہ اگست سے قبل کول پروجیکٹ کا آغاز کریں گے جبکہ اس سے پہلے بھی پاک فوج کارسا اور چمالنگ منصوبوں کو بہتر انداز میں چلا رہی ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام محب وطن ہیں اور ان کے حقوق کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مضبوط بلوچستان مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ اف میڈیکل سائنسز اور اسپورٹس کمپلیکس یوم آزادی پر بلوچستان کی عوام کو تحفہ ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.