1 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:15
ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے،چمن میں 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں اورتاجرتنظیموں نے احتجاج کیا،پیپکوترجمان کے مطابق بجلی کی پیداوار14 ہزار392 میگاواٹ اورطلب 17ہزار836 میگاواٹ ہے، جس سے بجلی کاشارٹ فال کم ہوکر3ہزار444 میگاواٹ رہ گیا ہے، بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے باوجود لوڈشیڈنگ دورانیے میں کمی نہیں ہوسکی ہے۔سندھ،پنجاب اور خیبرپختون خوا کے شہروں میں12 گھنٹے جبکہ دیہات میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،شمال مشرقی بلوچستان کا شہر چمن بجلی کی بندش سے سب سے زیادہ متاثر ہے،جہاں 24 میں صرف 2 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے،اس صورتحال پر تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی نے احتجاجی ریلی نکالی ، مظاہرین نے فلسطین چوک پر دھرنا دیا، جس کے باعث پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو نیٹو سپلائی بند کردی جائے گی۔