تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:52

کراچی: بدامنی کی آگ بھڑکتی رہی، مزید 23افراد لقمہ اجل بن گئے

جنگ نیوز -


کراچی . . .افضل ندیم ڈوگر. . . کراچی میں امن ریلیاں، سیاسی جماعتوں کے مذاکرات اور امن کی اپیلیں دھری کی دھری رہ گئیں۔ شہر قائد نے آج پھر23 لاشیں اٹھائیں اور آج کشیدگی کے مرکز رہے سرجانی ٹاون، خدا کی بستی اور تیسر ٹاون کے علاقے لیکن شام کو شرپسندوں نے کراچی غربی کے علاقوں میں دہشت گردی کا بازار گرم کئے رکھا،آج 32افراد زخمی ہوئے، بس ،ٹرکوں سمیت 10گاڑیاں، ہوٹل اور متعدد ٹھیلے نذرآتش کردیئے گئے ۔سرجانی ٹاوٴن میں آج دوسرے روز پھر دو گروپوں میں شدید فائرنگ سے صورتحال سخت کشیدہ رہی۔ خدا کی بستی، تیسر ٹاوٴن، یوسف گوٹھ، اللہ والی اور سرجانی کے دیگر مقامات پر فائرنگ سے عمران حسین اور شاہ کریم سمیت تین افراد ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکاروں اور ایک لڑکی سمیت دس افراد زخمی ہوگئے۔ سرجانی ٹاوٴن میں گذشتہ روز کی طرح آج بھی دن بھر مسلح دہشت گرد دندناتے جبکہ پولیس اور متعلقہ ادارے ناکام نظر آئے۔ اس علاقے میں ایک ٹرک پر بھی فائرنگ کی گئی جبکہ کئی گاڑیوں، ہوٹل، ٹھیلوں اور دیگر املاک کو نذرآتش کردیا گیا۔ گلشن اقبال کے علاقے ڈالمیا، اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بوہرا پیر، الفلاح، ابوالحسن اصفہانی روڈ اور نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے5 افراد موت کا شکار ہوئے، پاک کالونی کے علاقے دھوبی گھاٹ، لیاری اور عوامی کالونی سے چار افراد کی ہاتھ پاوٴں بندھی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں اغوا کے بعد قتل کیا گیا۔ گلستان جوہر میں فائرنگ سے ہوٹل کا مالک شاہد اللہ ہلاک جبکہ اس کا ملازم زخمی ہوگیا۔ لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں فائرنگ سے ایکسائز پولیس کا اہلکار طارق جاں بحق ہوگیا۔ اورنگی ٹاوٴن میں بھی دو گروپوں کے درمیان فائرنگ وقفے وقفے سے جاری رہی جہاں مومن آباد میں ایک نجی کمپنی کی شفٹ لیکر جانیوالی گاڑی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی جس سے دو افراد عبدالحکیم اور سیف جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ اورنگی ٹاوٴن اور گارڈن میں کے ای ایس سی کے ٹرک سمیت چار گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔ کراچی بدامنی کے دوران جولائی میں سوا تین سو زائد افراد کو قتل کیا گیا۔ لیکن ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں منظر پر نہیں آئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.