2 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:26
کراچی میں خوں ریزی نہ رک سکی، مزید5افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی… کراچی میں امن قائم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، شہر میں قیام امن کے لیے سیاسی جماعتوں کی ریلیاں اور رہنماوٴں کی اپیلوں کے باوجود رات گئے گلزار ہجری اور اردو یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔اورنگی ٹاوٴن میں بوری بند 2لاشیں ملی ہیں۔پولیس کاکہنا ہے کہ گلزار ہجری کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔گلشن اقبال کے علاقے میں اردو یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے سیاسی جماعت سے وابستہ 2 کارکن ہلاک کر دئے گئے۔آج صبح اورنگی ٹاوٴن سے2 بوری بند لاشیں ملی ہیں۔گذشتہ رات سائٹ ایریا کے علاقے میں سی مینز چورنگی کے قریب سے دو افراد کی بوری بند لاشیں ملیں تھیں ،مقتولین کی شناخت اصرار خان اور رحیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے مطابق مقتولین پاکستان تحریک انصاف کے کارکن تھے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے،شہریوں کے قتل وعام کی ذمہ داری حکومت اور اتحادیوں پر عائد ہوتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ کارکن امن وصبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 26 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق احسن آباد انڈسٹریل ایریا میں نجی فیکٹری کے باہر کھٹری ہوئی 150 سے زائد موٹر سائیکلوں کو بھی جلا دیا گیا تھا۔