2 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:3
خیبر ایجنسی میں صرف ایک گھنٹے بجلی، چمن میں 20گھنٹے لوڈشیڈنگ
جنگ نیوز -
اسلام آباد...قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں دن میں صرف ایک گھنٹہ ہی بجلی فراہم کی جارہی ہے،جبکہ بلوچستان کے شہرچمن میں شہریوں کودن میں چار گھنٹے بجلی کی نعمت میسر آتی ہے،بلوچستان کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے،چمن میں 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے،قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں23گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں ۔نوشہرہ کے شہری علاقوں میں 10سے 12گھنٹے اورمانسہرہ میں 15گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ بڑھ کر 13سے 14گھنٹے تک جا پہنچی ہے۔ سندھ میں حیدرآباد ،سکھر سمیت دیگر اضلاع میں 10سے 15گھنٹے بجلی کی فراہمی بند رہتی ہے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی واپڈا کی مہربانیوں سے پشاور کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑرہا ہے۔پشاور کے علاقوں چوک ناصر خان،گلبرگ صدر سمیت دیگر کئی علاقوں میں افطاری اور سحری کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔لوڈشیڈنگ نے سحری اور افطاری بنانے والی خواتین کو مشکلات سے دوچار کیا ہوا ہے۔دوسری جانب بجلی کی آنکھ مچولی سے نمازی بھی متاثرہورہے ہیں۔پشاور کے علاوہ چارسدہ ، نوشہرہ، مردان اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔کراچی میں ماہ صیام تو آگیا، لیکن لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہوسکا۔کے ای ایس سی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اضافی تیل اور گیس فراہم نہیں کی گئی۔