3 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:23
کراچی:رحمتوں کا مہینہ شروع ہوگیا ،مگر دہشت گردی نہیں رْکی
جنگ نیوز -
کراچی ... رمضان المبارک شروع ہونے کے باوجود کراچی میں دہشت گردی کی واردتیں نہیں رک سکیں،ماہ اگست کے آغاز میں ہی 39 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا،جس کے بعد رات گئے رینجرز نے اورنگی ٹاوٴن میں سرچ آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ کشیدہ صورتحال والے علاقوں میں عارضی پکٹس بھی قائم کردی گئیں ہیں۔ شہر قائد میں جاری خون خرابے کے کھیل کی وجہ سے کشیدگی میں بے پناہ اضافہ کے بعد رات گئے رینجرز کی بھاری نفری کو لانڈھی 89،پرانی سبزی منڈی،میٹرول،قصبہ کالونی اور اورنگی ٹاوٴن سمیت دیگر علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے، رینجرز اہلکاروں نے شہر کی سٹرکوں پر عارضی پکٹس،قائم کرکے اسنیپ چیکنگ بھی شروع کردی ہے۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گذشتہ رات اورنگی ٹاوٴن کے علاقوں کٹی پہاڑی،گلفام آباد،بخاری کالونی کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا،اس دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے،لیکن انکی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی جارہی ہے۔آپریشن کے سبب ورنگی ٹاوٴن کے داخلی وخارجی راستے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں رہائش پزیر افرادکو سحری کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،4 گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد اورنگی ٹاوٴن کی سٹرکوں کو علاقہ مکینوں کی آمد ورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے ،اور آپریشن میں حصہ لینے والی 40 سے زائد رینجرز موبائل اور بکتر بند گاڑیاں واپس چلی گئیں۔