تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:29

کراچی میں رمضان المبارک کے باوجود بدامنی،مزید4افراد ہلاک

جنگ نیوز -


کراچی…رمضان المبارک شروع ہونے کے باوجود کراچی میں دہشت گردی کی واردتیں نہیں رک سکیں، کراچی کے مختلف علاقوں سے آج مزید چار افراد کی لاشیں ملی ہیں،جن کے ہاتھ اور پاوٴں بھی رسیوں سے بندھے ہوئے تھے۔ ادھر رات گئے رینجرز نے اورنگی ٹاو ن میں سرچ آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ کشیدہ صورتحال والے علاقوں میں عارضی پکٹس بھی قائم کردی گئیں ہیں۔پولیس کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھیم پورہ سے دو افراد کی ہاتھ پاوٴں بندھی اور کپٹرے میں لپٹی ہوئی لاشیں ایک کمپاوٴنڈ سے ملیں،اس کے علاوہ جمشید روڈ کے علاقے میں اسلامیہ کالج کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی،اسپتال ذرائع کے مطابق گارڈن کے علاقے سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق چاروں افراد کو اغواء کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے،جن کی لاشوں کو پولیس کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ شہر قائد میں جاری خون خرابے کے کھیل کی وجہ سے کشیدگی میں بے پناہ اضافہ کے بعد رات گئے رینجرز کی بھاری نفری کو لانڈھی 89،پرانی سبزی منڈی،میٹرول،قصبہ کالونی اور اورنگی ٹاو ن سمیت دیگر علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے، رینجرز اہلکاروں نے شہر کی سٹرکوں پر عارضی پکٹس،قائم کرکے اسنیپ چیکنگ بھی شروع کردی ہے۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گذشتہ رات اورنگی ٹاو ن کے علاقوں کٹی پہاڑی،گلفام آباد،بخاری کالونی کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا،اس دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے،لیکن انکی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی جارہی ہے۔آپریشن کے سبب ورنگی ٹاو ن کے داخلی وخارجی راستے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں رہائش پذیر افرادکو سحری کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،4 گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد اورنگی ٹاو ن کی سٹرکوں کو علاقہ مکینوں کی آمد ورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے ،اور آپریشن میں حصہ لینے والی 40 سے زائد رینجرز موبائل اور بکتر بند گاڑیاں واپس چلی گئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.