3 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:1
ماہ رمضان کی آمد،کراچی میں نائٹ کرکٹ عروج پر
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں پْرتشدد واقعات کی وجہ سے خوف کا ماحول ہے لیکن کرکٹ کا کھیل اور کرکٹرز شہر کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ کراچی میں ان دنوں مخدوش حالات کی وجہ سے کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہے۔ لیکن دہشت گردی کے واقعات شہر قائد میں کرکٹ کی رونقیں ماندنہیں کرسکے۔ اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم میں رمضان نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں قومی کرکٹرز نے شرکت کرکے ثابت کردیا کہ کھیل سے خوف کو شکست دی جاسکتی ہے۔ سندھ اسمبلی کے رکن اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ڈاکٹر محمد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ مختلف قومیتوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور اس مرتبہ بھی یہی کردار ادا کرے گی۔ ٹورنامنٹ کے آغاز پر اسٹیڈیم میں وہ رش نظر نہیں آیا جو ان ٹورنامنٹس کی روایت ہے۔ تاہم اسٹیڈیم میں موجود فینز پْر امید تھے کہ نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹس ماحول بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ رمضان المبارک کے دوران کراچی میں مختلف نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں اسٹار کرکٹرز کی شرکت شہریوں کو میدانوں میں لانے کا سبب بنتی ہے۔