3 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:1
ضمانت منظور ہونے کے بعد ملزم کی گرفتاری پر لاہور ہائیکورٹ کا نوٹس
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے ضمانت منظور ہونے کے بعد احاطہ عدالت سے ملزم کو دوبارہ گرفتار کرنے کا سخت نوٹس لیا اور واقعہ کی انکوائری آج ہی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پولیس پنجاب جاوید اقبال عدالتی حکم پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے روبرو پیش ہوئے عدالت نے ضمانت منظور ہونے کے باوجود پولیس کی طرف سے جعلی چیک کیس میں ملوث جاوید صادق کی دوبارہ گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس سے استفسار کیا کہ ملزم کو دوبارہ گرفتار کیوں کیا گیا؟جس پر آئی جی پولیس پنجاب نے کہا کہ وہ اس واقعہ پر شرمندہ ہیں اور وہ آج ہی واقعہ کی انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کردیں گے۔ عدالت نے ملزم کی اہلیہ راحیلہ کی درخواست پر مزید کارروائی 5 اگست تک ملتوی کردی ملزم جاوید صادق کی گزشتہ روز چیف جسٹس نے ضمانت منظور کی تھی مگر کمرہ عدالت سے باہر نکلتے ہوئے ستوکتلہ پولیس نے اسے ایک دوسرے مقدمہ میں گرفتار کرلیا۔