3 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:7
کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات ، 5 افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے، گزشتہ رات کیے گئے رینجرز کے سرچ آپریشن میں 9 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں رینجرز کی جانب سے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔پولیس کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھیم پورہ کے کمپاوٴنڈ سے دو، جمشید روڈ پر اسلامیہ کالج کے قریب سے ایک جبکہ گارڈن کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی۔ چاروں افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کو اغواء کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ۔ ملیر میں جامعہ ملیہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔شہر میں امن و امان کی صورتحال کے باعث رینجرز کی بھاری نفری پرانی سبزی منڈی، لانڈھی، میٹروویل اور اورنگی ٹاوٴن سمیت دیگر متاثرہ علاقے پہنچ گئی ہے۔ رینجرز اہلکاروں نے شہر کی سڑکوں پر عارضی پکٹس قائم کر لی ہیں اور اسنیپ چیکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ رات رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے اورنگی ٹاوٴن کے علاقوں کٹی پہاڑی، گلفام آباد اور بخاری کالونی کا محاصرہ کر کے آنے اور جانے کے تمام راستے بند کر دئے گئے ہیں۔ اس دوران مختلف علاقوں کی گھر گھر تلاشی لی گئی اور رینجرز حکام نے دعویٰ کیا کہ 9 افراد کو حراست میں لے کران کے قبضے سے ایم 4گن، 222 رائفل، 12 بور رائفل اور ٹی ٹی پستول سمیت 40 ہتھیار برآمد کرلیے گئے ہیں۔ برآمد کیے جانے والے اسلحے میں لائسنس شدہ اسلحہ بھی شامل ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاوٴن، کٹی پہاڑی، قصبہ کالونی، سرجانی ٹاوٴن سمیت دیگر علاقوں میں آج دن بھر رینجرز کی جانب سے فضائی نگرانی کی جاتی رہی جبکہ مختلف علاقوں میں مزید سرچ آپریشن کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔