3 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:7
کراچی میں امن کیلئے صدر کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کا اختیار
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے ایوان صدر میں یکے بعد دیگرے تین اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوئے ۔سندھ میں اتحادی جماعتوں نے کراچی میں قیام امن اورمعمول کی زندگی کی بحالی کیلئے صدرزرداری کوتمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنیکااختیاردیاہے۔ ایوان صدر اسلام آباد میں ہونیوالے پہلے اجلاس کی صدارت صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی نے کی، جس میں پیپلز پارٹی،اے این پی،پاکستان مسلم لیگ ق کے ارکان شریک ہوئے۔مسلم لیگ فنکشنل کے سندھ کابینہ کے ارکان ،وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزراء رحمان ملک، مخدوم امین فہیم اوربابراعوان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پرعزم ظاہر کیا گیاکہ کراچی میں کسی بھی قیمت پر امن بحال کیا جائے گا اور سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ صدر زرداری کاکہناتھاکہ مسئلے کاحل جلدنکالناہوگا۔کراچی میں قیام امن کیلئے ہنگامی طور پر انتظامی،سیاسی اور امن و امان کے ا قدامات کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس اور رینجرز کراچی میں امن کے قیام کے لیے پوری طرح تیار اور پر عزم ہیں۔ اس اجلاس کے بعدصدرزرداری کی صدارت میں سندھ کابینہ میں شامل پیپلز پارٹی کے وزراء کا اجلاس ہوا۔ وزیرخزانہ سندھ نے بتایاکہ سندھ پولیس کو فعال بنانے کیلئے پانچ ارب روپے کے پیکیج میں سے45 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ صدر نے صوبائی وزارت خزانہ کو ہدایات دیں کہ باقی رقم جلداداکی جائے۔بعد میں صدر زرداری کی زیر صدارت تیسرااجلاس بھی ہوا۔ جس میں کراچی میں قیام امن کویقینی بنانے کیلئے تجاویزکاجائزہ لیاگیا، اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ،وزیر داخلہ سندھ اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔