3 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:7
امن کی بحالی پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہے،بر طانیہ
جنگ نیوز -
کراچی… برطانیہ کے خارجہ امور کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ایلسٹئر برٹ نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و ترقی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے لازمی ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہے ۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے فون پربات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ خبردار کرتے ہیں کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات سے صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے،ایلسٹئربرٹ کے مطابق تمام سیاسی راہنماوٴں اور ان کی جماعتوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ تشدد کو ہوا دینے سے گریز کریں، تناوٴ کم کریں اور امن بحال کریں، ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا موقف ہے کہ کراچی میں استحکام پورے پاکستان اور بین الاقوامی برادری کے مفاد میں ہے۔ کراچی میں امن و ترقی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے لازمی ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔ ایلسٹئر برٹ کے مطابق کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسس کیمبل نے کراچی میں امن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔ برطانیہ کی وزارت خارجہ امور کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متحدہ کی قیادت سے براہ راست ان امور پر بات کریں اور برطانیہ کی تشویش سے آگاہ کریں۔