4 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:48
سحری اور افطار میں بھی بجلی غائب دعوے صرف دعوے ہی رہے
جنگ نیوز -
کراچی…رمضان المبارک کے دوران بھی ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا۔ روزہ دار سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی بندش کے باعث شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ادھر لاڑکانہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہر بھر میں شٹرڈاوٴن ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہر وں میں رہنے والے عوام ماہ مبارک میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامناکررہے ہیں۔سحری اندھیرے میں کرنا پڑتی ہے تو افطارگرمی اورپیسنے میں ہورہاہے۔سندھ میں حیدرآباد،میرپورخاص،نوابشاہ ،سکھر میں دن ہو یا رات کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔لاڑکانہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف جئے سندھ قومی محاز کی اپیل پر ہڑتال کی جارہی ہے۔ اس موقع پر تمام اہم کاروباری و تجارتی مراکز اور پیٹرول پمپس بند ہیں۔ جناح باغ چوک اور لاہوری محلہ میں جسقم کے کارکنوں نے واپڈا اہلکاروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔پنجاب کے شہروں لاہور،ملتان ،فیصل آباد،گوجرانوالہ ،سرگودھا میں بھی بجلی کے ستائے شہریوں کے لئے ماہ صیام میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔شمال مشرقی بلوچستان میں کوئٹہ ،چمن ،نصیرآباد اورحب میں دن بھر بجلی کا غائب رہنا معمول بن چکاہے۔ خیبرپختون خوا کے تمام اضلاع پشاور،سوات،نوشہرہ ،صوابی ،مردان میں طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم از کم 12 گھنٹے اور دیہات میں 18 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ بعض علاقوں میں مسلسل 20/20 گھنٹے تک بجلی غائب ہے۔