4 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:59
کراچی،لیاری میں پانچ منزلہ عمارت گرگئی،3افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…افضل ندیم ڈوگر…کراچی کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ متعدد افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔لیاری کے علاقے بغدادی کی موسیٰ لین میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت آج صبح خستہ حالی کے باعث زمین بوس ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ایدھی فاوٴنڈیشن، چھیپا ویلفیئر، خدمت خلق فاوٴنڈیشن، پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے کے رہائشی افراد نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام میں حصہ لیا،ملبہ اٹھانے کے لئے مشینری اور ماہرین بھی امدادی کام میں شریک ہوگئے۔ تاہم علاقے کی گلیاں تنگ ہونے کے باعث امدادی کارکنوں اور رضاکاروں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اہل محلہ کے مطابق کے ابھی بھی ملبے میں کئی افراد دبے ہوئے ہیں جبکہ ان کے عزیز اقارب جائے حادثہ پہ اپنے پیاروں کی خیریت کے لئے دیوانہ وار گھماتے دکھائی دیئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی اور ہلاک اور زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے۔ جائے حادثہ اور اسپتال میں شہریوں کی بڑی تعداد کے جمع ہوجانے سے امدادی کاموں میں شدید دشواری کا سامان رہا۔ جس کی وجہ سے امدادی گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہورہی تھی۔ کمشنر کراچی محمد حسین سید اور ڈپٹی کمشنر ساوٴتھ مصطفیٰ جمال قاضی امدادی کاموں کی نگرانی کرتے رہے۔جبکہ حادثہ کے مقام کے قریب ایک اور خستہ حال عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا۔ ڈی سی ساوٴتھ کے مطابق متاثرین کے لئے شاہ لطیف بھٹائی حال میں امدادی کیمپ لگایا جارہاہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اعلیٰ حکام کو عمارت منہدم کا ملبہ ہٹانے اورزخمی افراد کے علاج کے لئے تمام زرائع بروکار لانے کی ہدایت کردی ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی گھر کے 10سالہ عریشہ دختر عبدالغفاراس کا بھائی 20سالہ بلال جبکہ ان کے چار بہن بھائی کومل، ہریشہ، عادل اور کرن زخمی ہیں۔ان کے علاوہ مسکان، عالیہ، کلثوم، عمران اور اس کی اہلیہ سمیرا، عبدالغفور اور اس کی اہلیہ پروین،بلقیس اور اس کا بیٹا شایان،بلقیس زوجہ حنیفاور امینہ اقبال بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔