4 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:18
کراچی کے عوام ہرصورت پرامن رہیں، الطا ف حسین کی اپیل
جنگ نیوز -
لندن . . . . . متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنان اورعوام سمیت کراچی کے تمام شہریوں سے کہاہے کہ وہ ہرقیمت پر پرامن رہیں،صبروتحمل اورضبط وبرداشت سے کام لیں اورامن کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اورتمام قومیتوں سے بات کریں اورسب ملکر کراچی میں امن قائم کریں۔ انہوں نے یہ بات عوام کے نام ایک وڈیوپیغام میں کہی۔اپنے وڈیو پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ میں نے دوروزقبل عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ایک ماہ کاراشن جمع کرکے رکھ لیں،اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ جب گزشتہ دنوں قصبہ کالونی میں کٹی پہاڑی پر سے دہشت گرد حملے کررہے تھے توعلاقہ مکینوں کے گھروں میں کھانے پینے کی چیزیں ختم ہوگئی تھیں اور کئی گھرانے ایسے تھے کہ معصوم بچوں کوپینے کیلئے دودھ تک نصیب نہیں ہوا۔انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنان اورحق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ ہرقیمت پر پرامن رہیں،صبروتحمل اورضبط وبرداشت سے کام لیں اورامن کیلئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اورتمام قومیتوں سے بات کریں اور قیام امن کیلئے کوششیں کریں،کراچی میں امن ہوگاتوپاکستان میں امن ہوگا۔