4 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:51
گورنر سندھ کی ہدایات کے باوجود کراچی میں دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری
جنگ نیوز -
کراچی…گورنر سندھ کی ہدایات اور کے ای ایس سی کے وعدوں کے برخلاف رمضان المبارک میں بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ کئی علاقوں میں ایک گھنٹے کے بعد ڈیڑھ سے دو گھنٹے کے لئے بجلی بند کردی جاتی ہے۔ ان میں پی ای سی ایچ سوسائٹی، منظور کالونی ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد ، ملیر ، لانڈھی ، کورنگی ، سرسیدٹاوٴن ، گلستان جوہر، گلشن اقبال بلاک 19 ، میٹرول تھری اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ فیڈر ٹرپنگ، پی ایم ٹی کی خرابی اور تارگرنے جیسی وجوہات کی بناء پر طویل دورانیے کے لیے بجلی کی بندش اس کے علاوہ ہے۔ سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود اکثر علاقوں میں سحر اور افطار کے وقت بھی بجلی بند کردی جاتی ہے۔کے ای ایس سی کو اضافی گیس اور فرنس آئل ملنے کے باوجودطویل دورانئے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ترجمان کے ای ایس سی کا موقف ہے کہ فنی خرابی کے سبب دو یونٹس کی پیداواری صلاحیت گزشتہ رات سے متاثر ہے۔ مرمت کا کام جاری ہے جو 12 سے 18 گھنٹوں میں مکمل ہونے کی امید ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی کو کینپ سے 80میگاواٹ بجلی کی فراہمی بھی بندہے۔