تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:51

ٹی این ایف جے کے تحت جمعہ کو یوم ترحیم منائی جائے گی

جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے سانحات کے شہداء اور جملہ امواتِ مومنین و مسلمین کے درجات کی بلندی کیلئے جمعہ 5اگست کو ملک گیر ”یوم ترحیم“ منانے کا اعلان کیا ہے۔ہیڈکوارٹر مکتب تشیع سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کراچی اور سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں موت کا رقص جاری ہے،پورا ملک دہشت گردی سے لہولہان ہوچکا ہے ،کراچی میں بلاناغہ لاشوں پر لاشے گرائے جارہے ہیں ،ہر گھر ماتم کدہ ، ہر شخص نوحہ کناں ،خوفزدہ اور حیران و پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں بار بار امن کی بھیک مانگ رہی ہیں مگر حالات تھمنے میں نہیں آرہے، دشمن اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کو مکمل طور پر تباہ و برباد کرنے پرلگا رکھی ہے، اس نازک صورتحال میں حکمرانوں،سیاستدانوں تمام طبقات اوروطن عزیز کے تمام باسیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جوش کے بجائے ہوش کا مظاہرہ کریں کیونکہ ہمارے مسائل کا حل صبرو برداشت میں ہے۔علامہ موسوی نے اہل وطن سے ا پیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو کوئٹہ،کراچی سمیت دہشت گردی کے تمام سانحات کے شہداء اور امواتِ مومنین و مسلمین کی بلندی درجات کیلئے یوم ترحیم منا کر قرآن خوانی ،مجالس تراحیم اور تعزیتی اجتماعات منعقد کرکے خشوع و خصوع کے ساتھ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام،دہشت گردی اور دنگا و فساد کے قلع قمع کیلئے بارگاہِ خداوندی میں گڑگڑا کر دعائیں مانگیں اور عہدوپیمان کریں کہ مفکرِ پاکستان اور بانی پاکستان کے دیئے گئے تحفے مملکتِ خداداد پاکستان کی سلامتی کو ہر شے پر ترجیح دیتے ہوئے دشمن کی ہر سازش کو ناکام کردیں گے۔دریں اثناء ملک گیر یوم ترحیم کے پروگراموں کو منظم و مرتب کرنے کیلئے ٹی این ایف جے کی مرکزی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کا کنوینر ڈاکٹر ایس ایم رضوی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ذوالفقار علی راجہ کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.