4 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:51
لاہور:قومی ترانہ چھپی کاغذی پلیٹوں کی فروخت،شہریوں کا احتجاج
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور کے بعض علاقوں میں ایسی ڈسپوزایبل پلیٹوں میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جا رہی ہے جن پر قومی ترانہ درج ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ان پلیٹوں سے نہ صرف قومی ترانے کا وقار مجروح ہوا ہے بلکہ ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کی روح بھی تڑپ گئی ہو گی۔لاہور کے علاقے ڈیوس روڈ پر سموسے پکوڑوں کی ریڑھیوں پر قومی ترانے سے مزین پلیٹیں موجود تھیں، جن پر پکوڑے اورسموسے رکھ کرفروخت کیے جارہے ہیں، خریداروں کی نظرجب پلیٹوں پر لکھے قومی ترانے پرپڑھی توبہت رنجیدہ ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ترانے کا احترام سب کو سکھایا جاتا ہے اور اسے سن کرسب لوگ احتراماً کھڑے ہوجاتے ہیں لیکن یہاں بے حسی کا یہ عالم ہے کہ قومی ترانے والی ڈسپوزایبل پلیٹوں میں کھانے پینے کی چیزیں فروخت کی جارہی ہیں ۔