4 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:2
رمضان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاسلسلہفوریبندکرایاجائے،حیدر رضوی
جنگ نیوز -
کراچی…قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرحیدرعباس رضوی نے کہاہے کہ ماہ ِرمضان کے دوران کراچی سمیت ملک بھرمیں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فی الفوربندکرایاجائے اورشہریوں کوسحری اورافطارکے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ماہ ِرمضان کے مقدس مہینے میں بھی بجلی کی طویل دورانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کوسخت پریشانیوں کاسامناہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو تیل وگیس کی وافرمقدارمیں فراہمی اوراحتجاجی ملازمین کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے باوجودلوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ اس بات کاثبوت ہے کہ ادارے کی انتظامیہ شہرمیں بجلی کی فراہمی میں مکمل طورپرناکامی کی طرف جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماہ ِرمضان میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے حکومت کے دعوؤں کے باوجود14سے 18گھنٹے لوڈشیڈنگ روز کامعمول ہے جبکہ بعض علاقوں میں کئی کئی دن سے بجلی غائب ہے جس کے باعث شہری روزے کی حالت میں شدیدگرمی میں بلبلارہے ہیں اورسراپاء احتجاج ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کوپہلے ہی ذ ہنی مریض بنادیاہے اور وہ بجلی کی مدمیں بھاری بل جمع کرواکربھی بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب بجلی کی طویل دورانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے جس نے نہ صرف شہری زندگی مفلوج کرکے رکھ دی ہے بلکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے صنعتی وتجارتی سرگرمیاں میں بھی شدید متاثرہیں جبکہ دوسری طرف ہرماہ بجلی کے نرخوں میں ہوشرباء اضافہ دیکھنے میںآ رہاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حیدرعباس رضوی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کیاکہ ماہِ رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کانوٹس لیاجائے ،شہریوں کولوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے اورنرخوں میں اضافہ واپس لیاجائے۔