4 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:13
کراچی ، حیدر آباد : کمشنری نظام کے بجائے پرانا ضلعی نظام بحال کرنے پر غور
جنگ نیوز -
کراچی … حکومت نے کراچی میں قیام امن کیلئے ایم کیو ایم سے تعلقات بہتر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کراچی اور حیدر آباد میں کمشنری نظام کے بجائے پرانا ضلعی نظام بحال کرنے کی تجویز پر غورشروع کر دیا۔جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق حکومت نے اعلیٰ سطح پر فیصلہ کیاہے کہ کراچی میں امن کے قیام اور معمول کی زندگی کو بحال کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے ساتھ ا یک بار پھر تعلقات کو بہتر بنائے جائیں ۔ اس سلسلے میں ایم کیو ایم کو منانے کے لیے کمشنری نظام میں ترامیم کی تجویز پر غور شروع کر دیاگیا ہے۔ذرائع کے مطابق کمشنری نظام میں ترامیم کرتے ہوئے کراچی اور حیدر آباد میں کمشنری نظام کے بجائے ضلعی نظام بحال کردیا جائیگا جو ایم کیو ایم کا اہم مطالبہ ہے۔اس حوالے سے ایم کیو ایم سے جلد باضابطہ حکومتی رابطہ بھی متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں ضلعی نظام کی بحالی کے بعد ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ میں شمولیت کی دعوت دیے جانے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔