4 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:13
متحدہ وزراء کے استعفے منظور نہیں ہوئے،رابطہ بھی ہے،ذوالفقار مرزا
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے وزراء کے استعفیٰ منظور نہیں ہوئے اور ان سے رابطہ منقطع نہیں ہوا ہے،یہ بات انھوں نے اسلام آباد سے کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ کراچی میں امن چاہتے ہیں اور مفاہمت کو جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ شہر کے حالات بہتر ہوں اور لوگوں کی زندگی نارمل ہو۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ٹارگٹ کلرز کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی کے پورے یونٹ کا تبادلہ کراچی کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا کہ نوجوان نسل دہشت گردوں سے متعلق اہم معلومات فراہم کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے اور چھوٹے موٹے گلے شکوے جلد دور ہوجائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ صدر مملکت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، اور ہماری قیادت چاہتی ہے کہ ملک میں مفاہمت کو جاری رکھا جائے۔