تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:39

کراچی: 5 منزلہ عمارت گرگئی، 8 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

جنگ نیوز -


کراچی ... لیاری کے علاقے بغدادی موسی لین میں 5منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی ،عمارت کے ملبے تلے دب کر بہن بھائیوں سمیت8افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی افراد ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ عمارت گرنے کی اطلاع پر لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام شروع کردیے۔ ایدھی، چھیپا اور خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے رضاکار ، ضلعی انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے۔عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لئے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے۔ گرنے والی عمارت سے متصل عمارتوں میں رہائش پذیر افراد سے عمارتوں کوخالی کرالیا گیا علاقے کی بجلی منقطع اور گیس کی سپلائی بھی بند کردی گئی ہے۔جاں بحق افراد میں 25 سالہ بلال اور اس کی بہن 6 سالہ عریشہ ، عمران ولد عثمان اور60 سالہ حوا بائی زوجہ عثمان شامل ہیں جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا اس دوران عمارت میں رہائش پذیر افراد کے رشتے دار زار و قطار رو رہے تھے اور اپنے پیاروں کو دیوانہ وار ڈھونڈ رہے تھے امدادی جماعتوں کے رضا کاروں نے عمارت کے ملبے سے جن زخمیوں کو نکالا ان میں کومل، عربیہ، عادل، کرن، بلقیس اس کا بیٹا 3 سالہ شایان، سمیرا، اس کی بیٹی 6ماہ کی مسکان، کلثوم، عالیہ، پروین اس کا شوہر عبدالغفور، بلقیس زوجہ حنیف اور امینہ شامل ہیں ۔ملبے سے رات گئے ایک 50/سالہ خاتون رضیہ زوجہ یوسف کی لاش نکال کرسول اسپتال پہنچائی گئی۔رات گئے مزید 3 خواتین کی لاشیں نکال لی گئیں جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ کے مطابق ملبے سے مذکورہ عمارت کی پہلی منزل پر رہنے والی 28/ سالہ روزینہ زوجہ محمد صدیق، 55/ سالہ خدیجہ اور 55/ سالہ مریم زوجہ محمد حسین کی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.