5 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:36
لیاری سانحہ،ملبے سے ایک اور لاش برآمد،ہلاکتیں9ہوگئیں
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے لیاری میں گذشتہ روز گرنے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی ہے اور اس طرح اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد9ہو گئی ہے۔ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسیکو آپریشن جاری ہے۔ لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں پانچ منزلہ خستہ ہال عمارت گذشتہ روز دن گیارہ بجے گری۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں ، پولیس اور امدادی اداروں کے اہل کاروں نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ عمارت کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لئے آرمی کی انجینئرنگ کور کو بھی طلب کرلیا گیا۔ ریسکیو آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ موسیٰ لین کی گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کارکنوں اور رضاکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عمارت گرنے سے بے گھر ہونے والے افراد شاہ لطیف بھٹائی ہال میں لگائے گئے امدادی کیمپ ، پڑوسیوں ، رشتے داروں اور علاقے کی مسجد میں مقیم ہیں۔ مخیر حضرات کی جانب سے متاثرین اور رضا کاروں کے لئے سحری کا انتظام کیا گیا جبکہ امدادی کاموں کے لئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے انتطامات بھی کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ساوٴتھ جمال مصطفیٰ قاضی کا کہنا ہے کہ امدادی کام سست روی سے نہیں احتیاط سے ہورہا ہے تاکہ ملبے تلے دبے لوگوں کو زندہ نکالا جاسکے۔