5 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:47
کراچی،سحری میں بجلی کی بندش پر مشتعل شہریوں کا جلاوٴ گھیراوٴ
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے شہریوں نے سحری کے اوقات میں بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا،ٹائر جلائے اور شاہراہ پاکستان بند کردی۔ کے ای ایس سی کو اضافی فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کے باوجود کراچی میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گورنر سندھ کی ہدایت کے باوجود رمضان میں بھی طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔تین اور ساڑھے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ کے وعدے کے برخلاف شہر میں دس سے بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔سحری اور افطار کے اوقات میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔سحری میں بجلی کی بندش کے خلاف شاہراہ پاکستان پر تین ہٹی کے قریب مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگا کر شاہراہ بند کر دی۔افطار اور سحر کے اوقات میں گلشن اقبال، سائٹ ایریا، بلدیہ ٹاوٴن،نارتھ کراچی، نیو کراچی، لانڈھی ،لیاری،گلستان جوہر، لسبیلہ، کورنگی ، بفرزون اور صدر سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کی شکایات موصول ہوئیں۔کے ای ایس سی کو اضافی فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کے باوجود لوڈشیڈنگ کے دورانیئے میں کمی نہیں آئی ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق بن قاسم پلانٹ کے دو یونٹس میں فنی خرابی اور کینپ سے 80 میگا واٹ بجلی کے تعطل کے باعث افطاری کے اوقات میں 15 فیصد رہائشی صارفین کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ نہیں رکھا جاسکا۔ ترجمان کینپ کے مطابق کے ای ایس سی کو کینپ سے ملنے والی 80 میگاواٹ بجلی بحال کردیگئیہے۔کے ای ایس سی اپنے ان صارفین سے معذرت خوا ہے جنہیں افطاری اور سحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ نہیں رکھا جاسکا اور دونوں یونٹس کی بحالی کا جاری ہے۔ جلد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ تین اور ساڑھے چار گھنٹے تک محدود کردیا جائے گا۔