5 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:47
ایران کو کسی جوہری ہتھیار کی ضرورت نہیں،ایرانی صدر
جنگ نیوز -
تہران…فارن ڈیسک…ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں ہے،ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کی جوہری صلاحیت کے حامل ہونے کی رپورٹس پر صدر نے کہا کہ ان کے ملک کو کسی بھی جوہری ہتھیار کی ضرورت نہیں۔ایران ان چند ممالک میں شامل ہے جن کے جوہری پروگرام کی تمام سرگرمیاں بین الاقوامی ایٹمی توانائی کمیشن کی نگرانی میں جاری ہیں اور جب انہوں نے واضح اعلان کردیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا ہے تو اس بات کو سچ مان لیا جائے کہ ہم ایسا کچھ نہیں کرنے جا رہے۔وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے وہ مغربی سائنسدان نہیں ہیں بلکہ وہ مغربی سیاستدان ہیں۔انہوں نے یہ باتیں یورنیوز ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کی۔ایرانی صدر نے کہا کہ وہ20فی صد یورانیم کی افذودگی پر امن مقاصد کے لیے کر رہے ہیں اور اسے ریڈیو میڈیسن اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ایرانی صد ر نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار انسانیت کے لیے خطرہ ہیں ایسے ممالک جو ان کے حصول کی طرف ہیں وہ دیگر قوموں کے لیے بھی خطرہ ہیں۔