5 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:42
بجلی کی پیداوار میں اضافہ اندھیرے دور نہ کرسکا،شہری ذہنی اذیت کا شکار
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں رمضان میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ کم ازکم سحری ،افطار اور تراویح کیاوقات میں ہی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،، سندھ میں حیدرآباد، میرپورخاص، نوابشاہ ، سکھر اور لاڑکانہ سمیت تمام اضلاع میں گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں لوڈشیڈنگ سے شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں ،،کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے،،پنجاب میں فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ملتان سمیت دیگر شہروں میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار متاثر ہورہاہے۔ خیبرپختون خوا میں فاٹاسمیت مالاکنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ ڈویڑن کے تمام شہروں میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں رمضان المبارک کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کو روزے اور شدید گرمی میں دوہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ ، بروری روڈ ، میکانگی روڈ فقیر محمد روڈ سمیت شہر کے دیگر نواحی علاقوں میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامناکرنا پر رہا ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے کئی علاقوں میں بجلی جانے اور پانی انے کے اوقات ایک ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ بازاروں میں بجلی سے منسلک کاروبار جن میں درزی ، جوس کی دکانیں سمیت کئی کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں اور کاروباری حضرات شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے رمضان المبار ک کے دوران سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود دونوں اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔