5 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:56
پی سی او ججز عمل درآمد کیس،وفاق کی درخواست پر9اگست تک مہلت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومت نے پی سی او ججز کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 9 اگست تک نوٹی فکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے ، چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری نے ریمارکس میں کہا ہے کہ عدالت کو اتھارٹی کو ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی خصوصی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی ،عدالت عظمی نے ہائی کورٹس کے 7 پی سی او ججز کے خلاف 18 مئی کو حکم جاری کرتے ہوئے کہاتھا کہ یہ ساتوں کبھی جج ہی نہیں رہے ، حکومت کی جانب سے بدستور ان ججز کو ڈی نوٹی فائی نہیں کیا گیا ،عدالت نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے آج سماعت میں اٹارنی جنرل اور سیکریٹری قانون کو طلب کیا تھا ،سینیٹربابراعوان وفاق کی طرف سے پیش ہوئے اور وزیراعظم کی مصروفیات کا عذر پیش کرکے ایک ہفتے کی مہلت مانگی، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جائیں ، وزیراعظم سے کہیں آج ہی نوٹی فکیشن جاری کریں،بابراعوان نے کہا کہ سمری وزیراعظم کو بھیجی جاچکی ہے، اس پر ان کی منظوری باقی ہے ، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ سمری اپنے پاس رکھیں، یہ عدالتی حکم ہے ، اس پر کسی سمری کی ضرورت نہیں، بابراعوان نے کہا کہ وزیراعظم ، اسلام آباد میں نہیں ہیں،عدالت 2 دن کی مہلت دیدے، ججز کی برطرفی کا نوٹی فکیشن 9 اگست سے پہلے جاری ہوجائیگا،اس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے اس سے متعلق حکم بھی تحریر کرادیا۔