5 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:51
پنجاب: میٹرک نتائج کمپیوٹر پر جاری، پاس طلبہ فیل، کئی کا گریڈتبدیل
جنگ نیوز -
لاہور...محکمہ تعلیم پنجاب نے میٹرک امتحانات کے نتائج کمپیوٹر پر جاری کر کے ہزاروں طلبا کا مستقبل داوٴ پر لگا دیا۔ پاس طلبا فیل ہو گئے جبکہ کئی کا گریڈ بدل گیا۔ بورڈ انتظامیہ نے انوکھا موٴقف پیش کیا کہ رزلٹ گزٹ صرف ابتدائی معلومات کے لئے ہے۔ اصل نمبر رزلٹ کارڈ میں درج کئے جائیں گے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ میٹرک کے کمپیوٹرائزڈ نتائج جاری کئے گئے۔ پہلے سے مناسب تیاری نہ ہونے کے باعث نتائج میں بڑے پیمانے پر سنگین غلطیاں سامنے آئیں۔ پاس طلبا کو فیل کر دیا جبکہ سیکڑوں کے نمبر ہی بدل گئے۔ طالبعلم رانا عمر کو انگلش اور مطالعہ پاکستان میں فیل قرار دیا گیا۔ دوبارہ پیپر چیک کروائے تو رانا عمر کو پاس کر دیا گیا۔طلبا کا کہنا ہے پرچوں کی ری چیکنگ کروانے والوں کے نمبر تو بدل گئے لیکن جو طلبا گزٹ پر انحصار کریں گے وہ کم نمبروں کے باعث اچھے تعلیمی اداروں میں داخلے سے محروم رہ جائیں گے۔چیئرمین لاہور بورڈ کے بیان سے پورا گزٹ ہی مشکوک ہو گیا۔ ڈاکٹر اکرم کاشمیری کہتے ہیں گزٹ ابتدائی انفارمیشن ہے،اصل نمبر رزلٹ کارڈز پر درج کئے جائیں گے۔والدین کا کہنا ہے کہ غلط گزٹ نے ان کے بچوں کا مستقبل داوٴ پر لگا دیا ہے۔میٹرک کے امتحانات دینے والے امیدواروں نے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی نتائج کو دوبارہ مرتب کیا جائے تاکہ کسی بھی طالبعلم کے حق تلفی نہ ہو۔