5 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:4
کراچی: نجی بینک میں ڈکیتی کرنیوالے دو ڈاکوؤں کے خاکے جاری
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں آج پھر مسلح ملزمان ایک نجی بنک سے 45 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ایک ہفتے کے دوران ڈاکووٴں نے دو نجی بنکوں کا صفایا کردیا جبکہ اس سال کراچی میں ہونیوالی یہ ساتویں بنک ڈکیتی تھی۔ کراچی میں ملیر کا علاقہ سعود آباد ایک بار پھر ڈاکووٴں کیلئے تر نوالہ ثابت ہوا۔ سعود آباد میں واقع نجی بنک میں 6 ملزمان صبح 9 بجے داخل ہوئے ، نجی سکیورٹی گارڈ کویرغمال بنایا اور بنک کے اسٹرانگ روم اور کاوٴنٹر پر موجود 45 لاکھ 88 ہزار 335 روپے لوٹ لیے۔ ملزمان بنک میں لگا سی سی ٹی وی سسٹم کی ریکارڈنگ اور نجی سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے لیکن عملے کی مدد سے چھ میں سے دو ملزمان کے خاکے تیار کرلیے گئے ہیں۔ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری بنک ڈکیتی تھی جس میں ملزمان 30 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔29 جولائی کو مسلح ملزمان گلشن اقبال میں واقع نجی بنک سے بھی 32 لاکھ 66 ہزار 572 روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کر لی تھی لیکن پولیس ابھی تک ان ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی۔ رواں سال ہونے والی یہ ساتویں بنک ڈکیتی تھی جس میں ملزمان آئے، انھوں نے لوٹا اور چلے بھی گئے۔ سات بنک ڈکیتیوں میں اب تک ملزمان کروڑوں روپے لوٹ کر با آسانی فرار ہو چکے ہیں تاہم نہ ہی اب تک لوٹی گئی رقم برآمد کی جا سکی نہ ہی ملزمان گرفتار۔