6 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:18
کراچی:عمارت کے ملبے سے مزید چار لاشیں نکال لی گئیں
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے علاقے موسیٰ لین میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے مزید چار لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ عمارت میں رہائش پذیر 24افراد اب بھی لاپتہ ہیں،موسیٰ لین میں گرنے والی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ اب تک پچاس فیصد ملبہ اٹھا لیا گیا ہے۔ رات گئے ملبے سے مزید چار لاشیں ملیں۔ ڈپٹی کمشنر ساوٴتھ مصطفی جمال قاضی کا کہنا ہے کہ عمارت کے تین مالکان کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔ گرنے والی عمارت سے متصل تین عمارتیں بھی خالی کرالی گئی ہیں، جنہیں ملبہ گرنے سے نقصان پہنچا تھا۔ ان میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والی عمارت کو بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مخدوش قرار دے دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ساوٴتھ کے مطابق متاثرہ عمارتوں کے مکینوں کے لیے فی الحال دو عارضی کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے متاثرین کی امداد کا اعلان کیا ہے اور اس بارے میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔