6 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:49
دوران ملازمت ساتھیوں کیساتھ بہتر تعلقات طویل العمری کا باعث بنتے ہیں
جنگ نیوز -
لندن…فارن ڈیسک…دوران ملازمت اپنے ساتھیوں کے ساتھ بہتر تعلقات طویل العمری اور بہتر صحت کا باعث بنتے ہیں۔ برطانوی اخبار’ٹیلی گراف‘ کے مطابق جائے روزگار پراپنے شریک کارکنوں (کولیگز)کے ساتھ بہتر طرز عمل اور مثبت تعلقات سے صحت کے طویل المدت فوائد حاصل ہو تے ہیں۔ تل ابیب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شارون ٹوکر کی تحقیق کے مطابق ایسے ملازمین جن کو دوران ملازمت اپنے ساتھیوں اور اعلیٰ آفیسرز کی ذاتی حمایت حاصل ہوتی ہے وہ ملازمین طویل زندگی پاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم کام کی جگہ پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں اور ہم ہفتے کے تمام ایام میں اپنے دوستوں سے ملنے کیلئے زیادہ وقت دے نہیں پاتے۔ کام ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ اپنے ذاتی دکھ سکھ، جذباتی امور اور ضروری حمایت حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر ٹوکر کی ٹیم نے 820افراد کا اوسطاً 8.8گھنٹے روزانہ کے لحاظ سے صحت کا ریکا رڈ مرتب کیا اور یہ عمل انہوں نے دو دہائی تک جاری رکھا۔ اس تحقیق کو جریدے ہیلتھ سائیکالوجی میں شائع کیا گیا۔