6 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:10
کراچی و حیدرآباد میں ضلعی نظام کی بحالی کا آرڈیننس جاری ہونے کا امکان
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . گورنر ہاؤس کراچی میں ڈاکٹر بابر اعوان ، وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں ایک بار ضلعی نظام کی بحالی کا امکان ہے اور اس سلسلے میں جلد نوٹی فکیشن بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان معاملات طے ہوگیا ہے،جس کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں ضلعی نظام بحال کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے ، جبکہ باقی اضلاع میں 1979کا کمشنری نظام ہی نافذ رہے گا۔ مذاکرات کے دوسرے دور میں سیکرٹری قانون سندھ غلام نبی شاہ موجود ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر ہاؤس میں مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں پر ایم کیو ایم کی لندن میں موجود قیادت کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔اس سے قبل گورنر ہاوٴس میں پیپلز پارٹی کے رہنما بابر اعوان،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر بابر اعوان نے اسلام آباد سے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر ہاوٴس میں ون آن ون ملاقات کی۔بعد میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی گورنر ہاوٴس پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق تینوں رہنماوٴں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان تعلقات پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے کمشنری نظام اور بلدیاتی نظام سے متعلق لچک کا مطاہرہ کیا گیا ہے اور اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم ایم پھر سے حکومت میں شامل ہو جائے۔