7 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:2
اندرون ملک سے آنیوالی ٹرینیں تا حال کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار
جنگ نیوز -
لاہور…اندرون ملک سے لاہور آنے والی ٹرینیں آج بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ برانچ لائنوں پر چلنے والی مزید بتیس ٹرینیں عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس، قراقرم، جعفر اور عوام ایکسپریس مقررہ وقت سے چار سے بارہ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہیں۔ ریلوے اسٹیشن پر مسافر اور ان کے رشتہ دار شدید اذیت کا شکار ہیں۔ برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کی بندش سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق انجنوں کی کمی کے باعث ایک ہفتے کے دوران صرف دو مال گاڑیاں ہی چلائی جا سکی ہیں۔ ادھر پشاور میں آج بھی تمام ٹرینوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق خوشحال ایکسپریس جو صبح 5بج کر 45 منٹ پر پہننچاتھی اس کی آمد دوپہر ڈھائی بجے متوقع ہے۔ اسی طرح خیبر میل کی صبح پونے سات کے بجائے دو بجے پشاور پہنچنے کی امید ہے۔ عوام ایکسپریس شام چھ کے بجائے رات آٹھ بجے پہنچنے کی توقع ہے۔ جبکہ کوئٹہ ایکسپریس کی پشاور آمد منسوخ کردی گئی ہے۔ٹرین کو راول پنڈی میں روک لیا جائے گا۔ پشاور سے روانہ ہونے والی تینوں ٹرینوں کی روانگی کے اوقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ تاخیر سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں خیبر میل، عوام ایکسپریس اور خوشحال ایکسپریس شامل ہیں۔