تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:13

مسلمانوں پر آنیوالے عذاب کی وجہ حکمرانوں کی بداعمالیاں ہیں،حافظ نظیر

جنگ نیوز -


ٹوکیو…عرفان صدیقی…آج مسلمانوں پر آنے والے عذاب کی وجہ ہمارے حکمرانوں کی بداعمالیاں ہیں جن کے باعث پوری دنیا میں مسلمان مصائب میں مبتلاہیں لہٰذا اگر مسلمان قوم کو ان مصائب اور مشکلات سے نکلنا ہے حضوراقدسﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا اورایسے حکمرانوں کا انتخاب کرنا ہوگا جو نیک اور صالح ہوں یہ بات معروف عالم دین اورتحریک منہاج القران کے سفیر عالم علامہ حافظ نظیر احمد جاپان کے شہر ایوائی میں قائم مرکز منہاج القران جامع مسجد المصطفیٰ میں مسلم کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، حافظ نظیراحمد نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں ماضی میں اللہ کے دیگر انبیاء کرام کی قوموں پر آنے والے عذاب بھی اس وقت کے حکمرانوں کے غلط کاریوں کے سبب ہی اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائے تھے جن میں قوم لوط سمیت دیگر واقعات قران کریم میں بھی موجود ہیں ، علامہ حافظ نظیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نظر میں ایک انسان کی جان کی عظمت خانہ کعبہ سے بھی بڑھ کر ہے اس کے باوجود رمضان المبارک میں جس طرح کراچی سمیت دیگر علاقوں میں مسلمانوں کی خون بہایا جارہا ہے اور جس طرح حکومت وقت اپنے مفادات کے لئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اس بات کا خدشہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کوئی سخت عذاب ہم نازل کریں لہٰذا اب بھی وقت ہے کہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے ورنہ اللہ تعالی ٰ کی سخت گرفت کیلئے تیار رہے ، اپنے خطاب میں علامہ حافظ نظیر احمد نے مزید کہا کہ اللہ کے رسول ﷺنے اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائی کہ اے پروردگار مجھے غریبوں میں زندہ رکھ اور ان ہی میں سے اٹھا ، علامہ نظیر احمد نے کہاکہ مسلمانوں کیلئے قران مجید میں دنیا کی تاریخ موجود ہے کہ ماضی میں جو قومیں تباہ ہوئیں ان میں کیا برائیاں تھیں اور جن قوموں نے فلاح پائی ان میں کیا اچھائیاں تھیں لہذا اللہ کی کتاب کو پڑھ کر ہم صحیح راستے کا انتخاب کرسکتے ہیں اور فلاح پاسکتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ مسلمان قو م کو دنیا میں منفرد قوم بننے کیلئے اپنے اخلاق بہترین کرنا ہونگے کیونکہ اللہ کے رسول ﷺ کا فرمان ہے کہ عمدہ اخلا ق سے بڑھ کر کوئی حسب نسب نہیں ہے ،علامہ حافظ نظیر احمد نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کو چاہیے کہ خلوص دل کے ساتھ عبادات کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر کی منافقت کو بھی ختم کریں اور اپنے ظاہر اور باطن کو ایک جیسا رکھیں تاکہ منافقت کا خاتمہ ہوسکے ، اس موقع پر منہاج القران پیس اینڈ انٹیگریشن جاپان کے صدر انعام الحق نے کہا کہ تحریک منہاج القران کے قائد ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر دو سال کے وقفے کے بعد علامہ حافظ نظیر احمد جاپان میں تراویح اور بیان کیلئے جاپان تشریف لائے ہیں جس سے جاپان بھر کے مسلمان دور دراز کا سفر طے کرکے علامہ حافظ نظیر احمد کے بیانات کو سننے اور اجتماعی عبادت میں شرکت کیلئے مرکز منہاج القران جمع ہوتے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران روزہ اورتراویح کے دوران ہر روزسینکڑوں لوگوں کا اجتما ع ہوتا ہے ،انعام الحق نے بتایاکہ مرکز منہاج القران ایوائی میں ہر ہفتے کی شب خصوصی طور پر رات بھر عبادات کا اہتمام کیا جارہاہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.