7 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:58
ملک کے طول و عرض میں بدستور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے۔گوجرانوالہ میں سحری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری احتجاجا سڑکوں پر نکل آئے۔گھوٹکی میں گڈوتھرمل پاور اسٹیشن میں رات دو بجے فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ اور تین اضلاع گھوٹکی، رحیم یار خان اور سکھر میں بجلی بند ہوگئی۔۔ اوباڑو اور پنو عاقل سمیت دیگر قریبی شہر بھی متاثر ہوئے ۔ تاہم گرڈاسٹیشن کے عملے نے 5گھنٹے میں مرمتی کام مکمل کرکے صبح 7 بجے بجلی بحال کردی۔ سندھ میں نواب شاہ ،لاڑکانہ ،بدین اوردیگر شہروں میں 10 سے 12 گھنٹے اور دیہیات میں 14 سے 16 گھنٹے جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں 8سے 10گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ گجرانوالہ میں سحری کے وقت مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حکومت اور گیپکو انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ ملتان ،ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا میں 12 سے 14 گھنٹوں تک بجلی معطل رہتی ہے۔ بلوچستان کے علاقوں نصیر آباد وجعفر آباد میں گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔چمن ،پشین،لورالائی سمیت مختلف شہری و دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے پانی کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے شہروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں شہری و دیہی علاقوں میں 14 سے 15 گھنٹے تک بجلی کی معطلی معمول بن گئی ہے۔