7 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:15
ساف فٹ بال چیمپئن شپ: پاکستان اور بنگلہ دیش کا سیمی فائنل میں کل ٹکراؤہوگا
جنگ نیوز -
کراچی …شکیل یامین کانگا… انڈر 16 ساف فٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنلزمیں پیرکو پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے جبکہ میزبان نیپال کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔ چھ ملکی ٹورنامنٹ جس میں پاکستان، بھارت، مالدیپ، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے شرکت کی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ گروپ اے میں پاکستان بھارت اور مالدیپ کی ٹیمیں شامل تھیں۔ پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو ایک صفر سے جبکہ دوسرے میچ میں مالدیپ کو 6-0 کی بڑی شکست دی تھی۔ محمد بلال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں ہیٹ ٹرک کے ساتھ ساتھ کسی بھی میچ میں سب سے زیادہ چار گول کرنے کا اعزازحاصل کیا ہے۔ دوسرے نمبر بنگلہ دیش کی ٹیم ہے جس نے ایک میچ جیتا ایک برابر کیا اور چھ گول کئے جبکہ دو گول اس کے خلاف ہوئے۔ دسراتھ فٹ بال اسٹیڈی میں پیرکو پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے جبکہ نیپال اور دیش کا مقابلہ شام چار بجے ہوگا۔ دریں اثناء پاکستان اور بھارت کے درمیان انگلینڈ میں ہونے والی فٹ بال سیریز میں دونوں ممالک کے فٹ بال حکام کے درمیان رابطوں کے فقدان کے باعث میچوں کی تعداد کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اسپانسر سے مسلسل بات چیت جاری ہے آئندہ ایک دو روزہ پوزیشن واضح ہوجائے گی۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق پاک بھارت کی ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے جانے تھے لیکن رمضان میں میچوں کے دوران شائقین کی عدم دلچسپی کی وجہ سے سیریز کو ایک میچ تک محدود کردیا گیا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ جو اس سیریز کے انعقاد میں بنیادی کردار ادا کررہے ہیں وہ بھی اسپانسر سے اس بات پر مصر ہیں کہ میچوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ جنگ سے باتیں ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈائریکٹر ماریکٹنگ سردار نوید حیدر کا کہنا ہے کہ اسپانسر نے پہلے سے طے شدہ شیڈول میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین میچز رکھے تھے لیکن رمضان کے باعث انگلینڈ کے تماشائی میچ دیکھنے کیلئے زیادہ تعداد میں نہیں آسکیں گے اس لئے شیڈول کو تبدیل کیا گیا ۔