8 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:58
بلدیاتی نظام کی بحالی کیخلاف سندھ میں قوم پرستوں جماعتوں کی ہڑتال
جنگ نیوز -
حیدرآباد…جئے سندھ تحریک اور عوامی تحریک نے گذشتہ روز کمشنری نظام کے خاتمے اوربلدیاتی نظام کی بحالی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج کی اپیل کی تھی جس کے بعد آج حیدرآباد شہر میں جزوی ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاوٴن ہے اور تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔شہر میں ٹریفک معمول سے کم ہے جس کی وجہ سے دفاتر اوراسکولوں میں حاضریاں بھی کم ہیں، لطیف آباد نمبر 4 اور5 میں علی الصبح ہوائی فائرنگ سے خو ف وہراس پھیل گیا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں گشت کررہی ہے۔سکھرمیں شٹرڈاوٴن ہے جبکہ ٹریفک معمول سے کم ہے ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر عدالتی امورکا بھی بائیکاٹ کیاجارہاہے۔لاڑکانہ میں قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال کی جارہی ہے اوراہم کاروباری مراکز بند ہیں ادھرمیرپورخاص اورعمر کوٹ میں بھی مکمل ہڑتال کی جارہی ہے اورٹریفک معمول سے کم ہے ۔نوشہروفیروزشہر سمیت کنڈیارو، مورو اور پٹ عیدن سمیت ضلع بھر میں قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی جارہی ہے ۔بدین شہر،گولارچی ،تلہار،ٹنڈوباگواورماتلی میں شٹر ڈاوٴن ہے اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔ٹنڈومحمدخان میں مکمل جبکہ گھوٹکی اورٹنڈوالہیار میں جزوی ہڑتال ہے۔نوابشاہ اورخیرپورمیں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے اور ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے جبکہ۔وکلاء کی جانب سے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیاجارہاہے۔