8 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:9
لاہور میں بارش،سڑکیں تالاب بن گئیں،کئی علاقے بجلی سے محروم
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں موسلا دھار بارش نے موسم کو تو خوش گوار بنا دیا تاہم گلیاں اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔ ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ باغبانپورہ میں بارش سے ایک مکان کی چھت گر نے سے دو خواتین ہلاک اور سات افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں سحری کے وقت ہی گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔ جو دیکھتے ہی دیکھتے موسلا دھار برسنے لگی جس نے ہر طرف جل تھل کر دیا۔ شہر میں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک ایک سو بیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش سے لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، جی پی او چوک، مسلم ٹاوٴن، جوہر ٹاوٴن، ایک موریہ پل اور شمالی لاہور سمیت شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں۔ انڈر پاس بھی پانی سے بھر گئے۔ کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بیچ سڑک میں بند ہونے سے ٹریفک بری طرح جام ہو گیا۔لوگوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے اہلکار سڑکوں سے پانی نکالنے کی کوششیں کرتے رہے۔ کمشنر لاہور جواد رفیق اور ایم ڈی واسا نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات قابو میں ہیں پانی جلد نکل جائے گا۔ بارش کے باعث مختلف نوعیت کے حادثات بھی پیش آئیے۔ باغبانپورہ میں ایک مکان کی چھت بارش کا زور برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔ گھر میں موجود ایک ہی خاندان کے نو افراد ملبے تلے دب گئے۔ سولہ سالہ ارم اور بختاور جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے سات زخمیوں کونکال کر طبی امداد کے لئے اسپتال داخل کرا دیا۔