8 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:27
عوام کی جائز شکایات اور مسائل کوترجیح دی جائے ، وزیر داخلہ سندھ
جنگ نیوز -
کراچی… وزیر داخلہ سندھ منظور حسین وسان نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ پولیس اور محکمہ داخلہ کے تمام افسران کو ہدایات دی ہیں کہ عوام کی جائز شکایات اور مسائل کو اولین ترجیح دے کر حل کیا جائے تاکہ لوگوں کو تیز تر ریلیف ملے۔ یہ ہدایات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آنے والے عوام کے مسائل سننے اور ان کی درخواستوں پر ضروری احکامات جاری کرتے ہوئے دیں۔ وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ عوام کو خدمات کی تیز تر فراہمی اور فوری ریلیف پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں تھانوں کی سطح پر بنیادی ریلیف دیا جائے۔ وزیر داخلہ نے اپنے دفتر میں آنے والوں کی درخواستوں پر موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ منظور وسان نے افسران کو ہدایات دیں کہ قوانین کا موثر اور بروقت اطلاق کر کے لوگوں کے مسائل کو حل کیا جائے۔