8 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:0
سوناکشی سنہا آئٹم سونگ کے ذریعے منی ،شیلا کو پیچھے چھوڑنے کیلئے کمربستہ
جنگ نیوز -
ممبئی…بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم” دبنگ“ کے ذریعے فلم بینوں پر اپنا سحر طاری کرنے والی سوناکشی سنہا اپنی اگلی اور بھارت کی پہلی3D فلم"جوکر"میں منی اور شیلا کو پیچھے چھوڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔اکشے کمار کے مدِ مقابل جوکر میں مرکزی کردار ادا کرنے والی سوناکشی سنہا اس فلم میں ایک آئٹم گانے پر رقص کرتی نظر آئیں گی جسے منی اور شیلا کی کوریو گرافر فرح خان ہی کوریو گراف کررہی ہیں۔ اس حوالے سے سوناکشی کا کہنا ہے کہ گانے کے سامنے آئٹم کا لفظ جوڑنا دراصل گانے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ انکے خیال میں یہ صرف ایک ڈانس نمبر ہوتا ہے۔گو سوناکشی کے بارے میں یہ رائے رکھی جارہی ہے کہ وہ کسی آئٹم گانے کے ساتھ انصاف نہیں کرپائیں گی تاہم دوسری جانب وہ خود اس بارے میں بہت پُر امید ہیں ۔ سوناکشی کا کہنا ہے کہ وہ کسی کیساتھ مقابلے یا موازنے کا ارادہ نہیں رکھتیں کیونکہ ہر ایک کا اپنا اسٹائل ہوتا ہے اور انہیں اپنے انداز اور قابلیت پر پورا بھروسہ ہے۔ خیر اب یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ سوناکشی کا آئٹم سونگ کتنا آگے نکل پایا اور کس کس کو پیچھے چھوڑ سکا۔