تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:3

موجودہ حکومت بحرانوں کی ماں ثابت ہوئی ، منور حسن

جنگ نیوز -


لاہور . . . . . امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہاہے کہ موجودہ حکومت بحرانوں کی ماں ثابت ہوئی ہے اور کسی بحران پر قابو پانے کے دور دور تک امکانات نہیں ہیں ۔ ملک مسائلستان بناہواہے اور حکومت کسی مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ۔ اس کی ساری توجہ لوٹ کھسوٹ ، مال بنانے اور کرپشن میں ملوث اپنی اولادوں اور عزیزوں کو بچانے کی طرف ہے جس کے لیے وہ سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی کسی خاطر میں نہیں لاتی ۔ جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط ہے ۔ حکومت میں شامل بعض گروہ پیپلز پارٹی کو بلیک میل کرکے اپنا الو سیدھا کر رہے ہیں ۔ جب تک ملک میں عدل و انصاف کی حکومت قائم نہیں ہوتی ، کسی بحران پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔اس صورتحال سے نکلنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر حکمت عملی تشکیل دینی چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔سید منو ر حسن نے کہاکہ ملک میں بجلی کا بدترین بحران ہے ، اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے معیشت کا پہیہ رک گیاہے ،بے روزگاری بڑھ گئی ہے ۔ عوام پریشان حال ہیں ، زراعت تباہ ہو گئی ہے ،بجلی و گیس ، پیٹرول ، ایل پی جی اور سی این جی کی قیمتوں میں ہر مہینے تھوک کے حساب سے بلاجواز اضافہ کیا جاتاہے جس سے مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں ۔ عوام لوڈشیڈنگ کے خلاف اور مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر احتجاج کر تے ہیں لیکن حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ حکمرانوں کے، بیرونی دورے اور شاہانہ اخراجات میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہاہے ۔ سید منور حسن نے کہاکہ ریلوے کا بیڑہ غرق کر دیاگیاہے ۔ پوری دنیا میں ریلوے ترقی کے عروج پر ہے لیکن ہمارے ملک میں ٹرینیں بند ہور ہی ہیں اور جو چند چل رہی ہیں وہ بھی بارہ سے اٹھارہ گھنٹے لیٹ منزل تک پہنچتی ہیں ۔ سرکاری سکولوں کا نظام تباہ ہو گیاہے ، حکومت کی اس طرف کوئی توجہ نہیں ۔ رمضان میں بھی کراچی میں قتل و غارت گری میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ روزانہ دس بارہ بے گناہ افراد قتل کردیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نئے صوبوں کی بات کر کے ملک میں نیا انتشار اور محاذ آرائی پیدا کر دی گئی ہے ۔ اس بارے میں بھانت بھانت کی بولیاں بولی جارہی ہیں اور اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت پونے تین سال مکمل کر چکی ہے ، باقی مدت پوری ہونے تک خدا جانے اس ملک کا کیا حشر کرے گی۔اس صورتحال سے نکلنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر حکمت عملی تشکیل دینی چاہیے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.