تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:14

بالائی علاقوں میں بارش ،پارلیمنٹ اور ایوان صدر کے سامنے بھی پانی

جنگ نیوز -


اسلام آباد . . . . . بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ،جبکہ وفاقی دارلحکومت میں موسلادھاربارش نے نظام زندگی معطل کرکے رکھ دیا ہے، سڑکوں اور انڈرپاسز پر پانی جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ ایوان صدر، پارلے منٹ ہاوٴس جیسی اہم عمارتوں کی چھتیں ٹپک پڑیں۔مون سون بارشوں کے سوموار کے روز شروع ہونے والے سلسلے نے وفاقی دارالحکومت میں جل تھل کر دیا اور چند گھنٹے کی بارش کے بعد شہر کی اہم سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔فیصل ایونیوپرگاڑیاں زیرآب آگئیں ، شہری اپنی مددآپ کے تحت گاڑیوں کو گھسیٹ کر کنارے تک لاتے رہے۔ نائنتھ ایونیو، سیونتھ ایونیو کے انڈرپاسز اور چائنا چوک کے انڈر پاس میں پانی بھر جانے سے کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ایوان صدر جانے والی شاہراہ جناح ایونیو بھی زیرآب آگئی جبکہ ریڈ زون میں شاہراہ دستورپر دو سے تین فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ پارلے منٹ ہاوٴس میں کئی مقامات پر چھتیں ٹپکتی رہیں۔ پاک سیکریٹریٹ کے کئی مقامات پر بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا اوربعض بیرونی دیواریں گرگئیں۔شدید بارش کے دوران ترنول کے قریب جی ٹی روڈ پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ایک موقع پربارہ فٹ سے زائد بلند ہوگئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.