8 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:32
اگست کے بعد صرف کمپیوٹرائزڈاسلحہ لائیسنس قابل قبول ہوں گے،رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی…وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کاکہناہے کہ کراچی میں31 اگست کے بعدصرف نادراسے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈاسلحہ لائسنس کارآمد ہوں گے اورتمام پرانے اسلحہ لائسنس منسوخ سمجھے جائیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ غیرقانونی اسلحے کی اطلاع دینے والوں کو نقد انعام دیاجائیگا۔نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگومیں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کوہرگھنٹے مانیٹر کیاجارہا ہے،کسی کمیونٹی کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے،وفاقی وزیرداخلہ نے بتایا کہ پکڑے گئے دہشت گردوں میں پشتواوراردو بولنے والے شامل ہیں، تاہم کسی مجرم کونہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے انہیں پیغامات بھیجے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کی نشان دہی کرناچاہتے ہیں اوراس سلسلے میں غیرقانونی کلاشنکوف کی اطلاع دینے والے کو 25 ہزار روپے، راکٹ لانچر اور ایل ایم جی کی اطلاع دینے والے کو 50 ہزارروپے انعام دیا جائے گا۔