8 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:4
متحدہ اور پی پی ضرورتمند ہیں، ایک ہی پلیٹ میں کھائیں گے،پیر پگارا
جنگ نیوز -
کراچی …مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے تین سالہ دور حکومت میں سب سے بڑی قلا بازی کمشنری نظام پر دکھائی ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ضرورت مند ہیں، ایک ہی پلیٹ میں کھائیں گے۔یہ بات انھوں نے کنگری ہاوٴس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پیر صاحب پگارا نے کہا کہ کوئی سندھ کی علیحدگی نہیں چاہتا، اور ہم چاہتے ہیں کراچی ہماراکیپٹل ہو۔ پیرپگارا نے کہا کہ دارالخلافہ ہمارے پاس تھا اسے اٹھا کرلے گئے انھوں نے کہا کہ دارالحکومت جس طرح گیاتھااسی طرح کراچی واپس آجائیگا،اور کراچی والوں کودارالخلافہ واپس کراچی لانے کیلئے کوشش کرنا ہوگی۔پیرپگارا نے کہا کہ حکومت کوقلابازیوں سے روکنے کیلئے ہڑتال کی حمایت کرونگا اور کمشنری نظام سے متعلق حکومت نے تین سالوں میں سب سے بڑی قلابازی کھائی ہے۔ سربراہ مسلم لیگ فنکشنل نے کہا کہ کسی کو میری رہنمائی کی ضرورت نہیں اگرکوئی مجھے فالوکرتاہے تومیں کیاکرسکتاہوں۔ انھوں نے کہا کہ سندھ، خیر پور اور بہاولپور کو پہلی جیسی حیثیت میں بحال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام اسلحہ لیں گے توحالات کیسے درست۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں زیادہ لوگ مرنے کی وجہ سے کورکمانڈرزکوتشویش ہوئی۔ پیرپگارا نے کہا کہ ہماراتوصرف ایک پیرہے انکل الطاف اور انکل الطاف کو اللہ نے پڑھنے لکھنے کی صلاحیت دی اور مانگا کیا صرف کراچی اور حیدرآباد۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کامستقبل بلیک ہے ۔ پیرپگارا نے کہا کہ میں سب سے بڑا مفاد پرست ہوں، اورمسلم لیگ فنکشنل کا مستقبل تاب ناک ہے۔پیرپگارا کا کہنا تھا کہ1947 کے وقت اچھے حال اگرسندھیوں کے نہیں تھے تو مہاجروں کے بھی نہیں تھے اور اگر سندھی ہندووٴں کے غلام تھے تو مہاجر بھی لٹے پٹے آئے تھے۔