تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:15

نئے صوبوں کیلئے قومی کمیشن قائم کیا جائے، مسلم لیگ ن کا مطالبہ

جنگ نیوز -


اسلام آباد…پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے حکومت سے قومی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے اس لیے نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ کرنے سے پہلے اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے، مسلم لیگ ن کا اجلاس پارٹی صدر میاں نواز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے قائم کمیٹی نے اپنی سفارشات پیش کیں۔اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام اور کراچی کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کے بعد مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ مسلم لیگ ن انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی مشاورت سے قومی کمیشن تشکیل دے اور اس کمیشن میں انتہائی ذمہ دار لوگوں کو شامل کیا جائے ۔ مشاہد اللہ نے کہا کہ قومی کمیشن پر اختلافات پیدا نہ کیے جائیں، بلکہ اس میں اتفاق رائے ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو کراچی کے حالات پر تشویش ہے اور ان حالات کی ذمہ دار حکومت ہے ۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی میں امن قائم کرے جس کیلئے ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.