9 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:14
غیرملکیوں کابلااجازت داخلہ روکنے سے دہشتگردی کم ہوئی،سیکریٹری فاٹا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کی خصوصی کمیٹی کو بتایاگیا ہے کہ پشاور میں غیرملکیوں کا بغیراجازت داخلہ روکنے سے دہشت گردی واقعات کم ہوئے ہیں ،کمیٹی نے قبائلی علاقوں کے تمام پولیٹیکل ایجنٹس کے 5 سالہ حسابات کا آڈٹ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔ پی اے سی کمیٹی کا اجلاس یاسمین رحمان کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا جس مین فاٹا سیکریٹریٹ کے آڈٹ پر غور کیا گیا، ایڈیشنل سیکریٹری فاٹا نے بتایا کہ حکومت نے قبائلی علاقوں کے عوام سے وعدہ کررکھا ہے کہ ان سے بجلی بل نہیں لئیے جائیں گے،کمیٹی کو بتایاگیاکہ مراعات لینے میں گورنر پر حد کی کوئی پابندی نہیں ہے، رکن کمیٹی نورعالم نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے پولیٹیکل ایجنٹ کرپٹ ہیں، وہ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایک پولیٹیکل ایجنٹ 30 کروڑ روپے دے کر عہدہ لیتا ہے، فاٹا حسابات کے آڈٹ پر زور دیا گیا توسیکریٹری نے کہا کہ سیکرٹ فنڈ کے خرچ کا پی اے سی کوبتایاجاسکتا ہے لیکن آڈٹ والوں کو یہ نہیں بتاسکتے، آڈٹ حکام نے بتایا کہ پولیٹیکل ایجنٹس کے زیادہ تر فنڈز کا آڈٹ نہیں ہوپاتا ، سیکریٹری نے کہا کہ خرچ شدہ اکثر فنڈز سے متعلق قومی مفاد کی وجہ سے بتایا نہیں جاسکتا ۔