9 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:14
لندن فسادات :برطانیہ، بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کاانعقا د خطرے میں
جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…برطانوی دارالحکومت لندن میں ہفتے سے شروع ہونے والے فسادات کے باعث بدھ کو ہونے والا بھارت اور برطانیہ کے درمیان ہونے والاتیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ کا انعقاد بے یقینی کی صورت حال سے دو چار ہے ۔ برطانوی اخبار’دی مرر‘ کے مطابق برطانوی کرکٹ ٹیم کے باوٴلر ٹم برسنن نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ برمنگھم کی گلیوں میں فسادات پھیلانے والے نوجوان گھوم رہے ہیں اور ان کے پیچھے پولیس کی بھاری نفری تعاقب کر رہی ہے،آئندہ کیا ہوگا،کچھ نہیں کہا جاسکتا۔آل راوٴنڈر اسٹیوراٹ براڈ کا کہنا ہے کہ برمنگھم میں ہر طرف پولیس کی گاڑیاں ہیں۔ بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ ان کے ہوٹل کے دروازوں کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔شہر میں ابتر صورت حال ہے۔برمنگھم پولیس نے ایک سو افراد کو گرفتار کیا ہے۔بھارت اورانگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ ایج بسٹن کے مقام ہونا ہے ، تاہم برطانوی اخبار’ دی میل‘ کے مطابق بھارتی اور برطانوی کرکٹ ٹیموں کو ہوٹل میں رہنے کا پابند کیا گیا ہے ۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے کھلاڑی محفوظ ہیں۔999کی سروس ان فسادات کی وجہ سے غیر موٴثر ہو چکی ہے۔