10 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:50
کراچی :ظفر بلوچ پر حملے کے بعدلیاری میں صورت حال کشیدہ
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی میں لیاری کے علاقے چاکی واڑہ میں بم حملے میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما ظفر بلوچ کے زخمی ہونے کے بعد صورت حال کشیدہ ہے۔ لیاری کے کئی علاقوں میں فائرنگ اور دستی بموں کے حملوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔لیاری کے علاقے چاکی واڑہ میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے جنرل سیکرٹری ظفر بلوچ پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی۔ حملے میں ظفربلوچ سمیت 4 افرادزخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد جونا مارکیٹ، دریا آباد، لی مارکیٹ، کھارادر ، چاکی واڑہ ، بھیم پورہ اور دیگر علاقوں میں شدید فائرنگ شروع ہوگئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ اولڈ سٹی ایریا میں واقع سالار کمپاوٴنڈ میں نامعلوم افراد نے دستی بموں اور راکٹ سے حملہ کیا۔ظفر بلوچ کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔سینیئر صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال پہنچ گئے۔ میڈیا سے گفت گو میں شرجیل میمن نے بتایا کہ ظفر بلوچ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ظفر بلوچ پر حملہ پیپلز پارٹی پر حملہ ہے۔ تاہم وہ تمام لوگوں سے پْرامن رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے ظفر بلوچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ لیاری کے کشیدگی والے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔