10 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:0
برطانیہ میں فسادات،3پاکستانی ہلاک،750شرپسند گرفتار
جنگ نیوز -
لندن…برطانیہ کے علاقے برمنگھم میں لوٹ مار اور فسادات کے دوران اپنی کمیونٹی کوبچانے والے تین پاکستانی لٹیروں کی کار کی ٹکر سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق برمنگھم میں لوٹ مار کے واقعات کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے اپنی املاک کو بچانے کا خود بیڑا اٹھایا ہو ا تھا کہ اسی دوران لوٹ مار کرنیوالوں کی گاڑی نے حفاظت پر مامور ان نوجوانوں کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں تینوں بری طرح زخمی ہوگئے اور اسپتال پہنچ کر جانبر نہ ہوسکے۔ ادھر سولہ ہزار پولیس اہل کاروں کو تعینات کرکے جیسے تیسے لندن میں لگی آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا ہے تاہم دیگر علاقوں میں لگی آگ پر تا حال قابو نہیں پایا جاسکا ، جلاوٴ گھیراوٴ اور لوٹ مار میں کروڑوں پاوٴنڈز کے نقصان کے بعد قائد حزب اختلاف سمیت شہری بھی فوج کی مدد لینے کا مطالبہ کررہے ہیں ،ہنگامہ آرائی کے واقعات میں گرفتار ساڑھے سات سو افراد میں سے ایک سو پانچ افراد پر فردجرم عائد کردی گئی ہے۔ صرف برطانیہ کا دل ہی نہیں جل رہا بلکہ برطانوی عوام کے اندر بھی آگ بھڑک اٹھی ہے ، سخت غصے کے عالم میں سڑکوں پرآنے والے ان شہریوں کا جذبہ بالکل ایسا ہے جیسے وہ اپنے وطن کو دشمنوں سے بچانے نکلے ہیں۔ گریٹ مانچسٹرپولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونیوالے ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کے واقعات غیرمعمولی ہیں ،اوران پر قابو پانے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ سولہ ہزار پولیس اہل کاروں کو تعینات کرکے جیسے تیسے لندن میں لگی آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا ہے لیکن مانچسٹر ، Salford، لیورپول ، نوٹنگھم ، برمنگھم کی صورتحال پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے ،ہنگامہ آرائی میں جن کے کاروبار خاک میں ملادیے گئے انھیں سمجھ نہیں آرہا کہ اب کریں تو کیا کریں۔ ہنگامہ آرائی کیالزام میں ساڑھے سات سو سے زیادہ افراد کو گرفتارکیا جاچکا ہے، جن میں سے ایک سو پانچ پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ برطانیہ میں جاری ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کے واقعات پر پولیس اب تک قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے ،ایسے میں قائد حزب اختلاف ایڈ ملی بینڈ کے بعد بعض برطانوی شہریوں نے بھی فوج کی مدد لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔